نئی دہلی3جولائی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) جموں و کشمیر سے متعلق کانگریس کے کور گروپ نے ریاست کے موجودہ سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ پارٹی نے کہا کہ پی ڈی پی کے ساتھ عدم اتحاد کے اپنے موقف پر وہ قائم ہے۔
دریں اثنا سری نگر میں کانگریس کے ممبران اسمبلی، ممبران پارلیمنٹ اور دوسرے اہم رہنماؤں کی میٹنگ ہوگی جس میں سیاسی حالات پر گفتگو کی جائے گی۔ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی رہائش گاہ پر جموں و کشمیر سے جڑے کانگریس کے کور گروپ کی میٹنگ ہوئی جس میں ریاست کے سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کور گروپ میں کانگریس کے سینئر لیڈر کرن سنگھ، پی چدمبرم، کانگریس کی جنرل سکریٹری اور ریاست انچارج امبیکا سونی اور ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر موجود تھے۔ اجلاس کے بعد امبیکا سونی نے کہا کہ کل سری نگر میں پارٹی کے اہم رہنماؤں اور ممبران اسمبلی کی میٹنگ ہوگی جس میں سیاسی حالات پر گفتگو کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے ساتھ عدم اتحاد کے اپنے موقف قائم ہیں۔
جموں و کشمیر کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے نامہ نگاروں سے کہا کہ کانگریس نے پی ڈی پی سے اتحاد میں نہ تو کوئی قدم اٹھایا ہے اور نہ ہی کوئی کوشش کی ہے۔ جموں و کشمیر میں مخلوط حکومت سے بی جے پی کے الگ ہونے کے بعد اب ایسی خبریں موصول ہورہی ہیں کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی حکومت کی تشکیل کے لئے کانگریس سے رابطہ کر رہی ہیں۔ کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے ریاست میں پی ڈی پی کے ساتھ حکومت کے قیام کے امکان کو کل سرے سے خارج کر دیا تھا۔